ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اسمبلی میں وزراء کی غیر حاضری پر بی جے پی اراکین برہم

اسمبلی میں وزراء کی غیر حاضری پر بی جے پی اراکین برہم

Sat, 25 Mar 2017 11:13:12    S.O. News Service

بنگلورو،24؍مارچ (ایس او نیوز) رواں بجٹ سیشن شروع ہونے سے ایک دن قبل ریاستی اسمبلی کے اسپیکر کے بی کولیواڑ نے یہ بیان دیا تھا کہ اسمبلی اجلاس سے غیر حاضر ہونے والے وزراء اوراراکین کے نام غیر حاضر ہونے کی وجہ سمیت اسی روز میڈیا میں شائع کئے جائیں گے اور یہ بھی کہاتھا کہ وزراء اور اراکین کے لئے اجلاس میں شریک رہنا لازمی ہے۔ آج اسمبلی میں جب ریاستی وزیر برائے تعمیرات عامہ ایچ سی مہادیوپا کو چند سوالات کے جوابات دینے تھے اس وقت وہ ایوان میں حاضر نہیں تھے اس لئے اپوزیشن بی جے پی اراکین نے غصہ کا اظہارکیا اس مرحلہ پر حکمران کانگریس اوربی جے پی اراکین کے درمیان گرماگرم بحث ہوئی۔ وقفہ سوالات کے دوران بی جے پی کے سی ٹی روی کے پوچھے گئے سوال کا جواب دینے وزیر تعمیرات عامہ ایچ سی مہادیوپا ایوان میں نہیں تھے۔ وزیر موصوف ننجن گڈھ اسمبلی حلقہ میں مہم چلانے گئے ہوئے ہیں۔ ان کی غیر موجودگی میں جب وزیر قانون و امور پارلیمان ٹی بی جئے چندرا نے جواب دینے کی کوشش کی تو سی ٹی روی نے اس جواب کو تسلیم نہیں کیا۔ اس مرحلہ پر مداخلت کرتے ہوئے اسپیکر کے بی کولیواڑ نے کہاکہ مہادیو پرساد کسی ضروری کام سے میسور گئے ہوئے ہیں ان کا اس وقت ایوان میں حاضر ہونا ممکن نہیں۔ اس کے لئے انہوں نے تحریر روانہ کرکے ان سے اجازت بھی لی ہے۔ وہ اپنی ذمہ داری جئے چندرا کو دے کر گئے ہیں اس لئے ان کی غیر موجودگی میں ان کی جانب سے جواب دینے تیار ہیں۔ اس مرحلہ پر اپوزیشن بی جے پی لیڈر جگدیش شٹر، اروند لمباولی ،ویشویشور ہیگڈے کاگیری ،سی ٹی روی ، بسو راج بومئی ، وائی اے نارائن سوامی، سنیل کمار نے کھڑے ہوکر اسپیکر سے دریافت کیا کہ وزیر موصوف نے کس پروگرام میں شرکت کرنے کے لئے اجازت لی ہے ایوان میں اس کو ظاہر کرنے انہوں نے اسپیکر پر دباؤ ڈالا۔ اس مرحلہ پر ویشویشور ہیگڈے کاگیری نے کہاکہ ننجن گڈھ کا ضمنی چناؤ کی مہم میں حصہ لینا اسپیکر کی نظر میں سرکاری دورہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ مہادیوپا انتخابی مہم میں حصہ لینے ننجن گڈھ گئے ہوئے ہیں اور یہ کوئی سرکاری تقریب نہیں ہے وزیر موصوف ننجن گڈھ میں کانگریس امیدوار کے حق میں مہم چلارہے ہیں۔ اپوزیشن اراکین نے ایوان میں یہ بھی کہاکہ وزیر کی اہم ذمہ داری اسمبلی اجلاس میں شرکت کرنا ہے نہ کہ پارٹی سے منعقد پروگراموں میں شرکت ہے۔ اپوزیشن اراکین نے کہاکہ بجٹ سیشن کے آغاز ہی سے وہ ایوان میں شرکت نہیں کررہے ہیں۔ تب سے انہیں ننجن گڈھ اور گنڈل پیٹ میں کانگریس امیدواروں کے حق میں مہم چلاتے ہوئے ٹی وی چینلوں پر دیکھاگیا ہے۔ اس مرحلہ پر روی نے کہاکہ وزیر موصوف کی انتخابی مہم سے متعلق اگر ہمارا بیان غلط ہے تو وزیر موصوف کو فوری تلاش کرنے پولیس میں شکایت درج کروائی جائے۔ بحث میں مداخلت کرتے ہوئے شٹر نے غصہ کا اظہارکرتے ہوئے سوال کیا کہ حکومت زندہ ہے یا مرگئی ہے؟ اتنی بحث ومباحثہ اور اپوزیشن اراکین کی ناراضگی کے بعد اسپیکر نے کہاکہ بروز پیر اور منگل ایوان میں حاضر رہنے وہ وزیر سے کہیں گے۔ جے ڈی ایس رکن وائی ایس وی دتہ نے کہاکہ ہمیں ایوان اورصفر ساعت کو مذاق میں اڑانا نہیں چاہئے۔ اگر ایوان میں متعلقہ وزیر نہیں ہیں تو وقفہ سوالات بھی رکھا نہ جائے۔ تمام وزراء کے ضمنی چناؤ ختم کرکے واپسی کرنے کے بعد وقفہ سوالات رکھا جائے۔


Share: